ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پیپر لیک کےبعد ایک اور لیک کا انکشاف ، مدھیہ پردیش میں امتحان سے ایک دن پہلے لیک ہوا ایف سی آئی کا پیپر، 50 گرفتار

پیپر لیک کےبعد ایک اور لیک کا انکشاف ، مدھیہ پردیش میں امتحان سے ایک دن پہلے لیک ہوا ایف سی آئی کا پیپر، 50 گرفتار

Mon, 02 Apr 2018 11:53:50    S.O. News Service

بھوپال یکم اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) سی بی ایس ای کے پیپر لیک کے بعد اب ایک اور پیپر لیک کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس بار مدھیہ پردیش میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کے لئے منعقد امتحان کا پیپر لیک کر دیا گیا۔ اس کیس میں اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے اتوار کو 48 امیدواروں سمیت 50 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ واضح ہو کہ مدھیہ پردیش میں ایف سی آئی میں 217 اسامیوں کے لئے اتوار کو 132 مراکز پر امتحان ہونا تھا۔ تقریبا 1 لاکھ سے زائد امیدواروں نے درخواست دیئے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امتحان سے ایک دن پہلے ہی پیپر لیک ہو گیا۔ انٹیلی جنس کی اطلاع پر گوالیار سے تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے دو کی شناخت اشوتوش کمار اور ہریش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ ایس ٹی ایف چیف سنیل شیوہرے نے بتایا کہ تمام امیدواروں کو ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ لیک ہوئے پیپر کی کاپیاں برآمد کر لی گئی ہیں، انہیں کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے میں ملزمان نے ہر امیدوار سے 5 لاکھ روپے لئے تھے۔ ملزم امیدواروں سے ہوٹل پر ملاقات کی تھی اور ا سی ملاقات کے دوران ا نہوں نے پرچہ سوالات دیئے تھے۔ بعد میں ان پرچہ سوالات میں آگ لگا دی گئی۔ ادھر ایس ٹی ایف پکڑ ے گئے ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ملزمان کی گرفتاری تو ہوگئی ہے ؛ لیکن ان تمام 1لاکھ سے زائد امیدواروں کو کیا پیپر لیک واقعہ میں انصاف مل سکتا ہے یہ وقت ہی بتائے گا ۔ 


Share: